اسلام آباد: سینیٹ کی 48 نشستوں پر انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی آج اور کل جمع کروائے جا سکیں گے۔
سینیٹ کی پنجاب اور سندھ کی 12، 12، بلوچستان اورکے پی کے کی 11 گیارہ نشستوں پر انتخابات 2 اپریل کو ہوں گے۔ اسلام آباد سے سینیٹ کی 2 نشستوں پر بھی انتخابات ہوں گے۔
پنجاب میں سینیٹ انتخابات کیلیے دفتر صوبائی الیکشن کمشنر پنجاب میں کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق کاغذات نامزدگی آج اور کل وصول کیے جائیں گے جبکہ اسکروٹنی 19 مارچ 2024 تک مکمل کرلی جائے گی۔ امیدواروں کی حتمی فہرست 26 مارچ کو آویزاں کی جائے گی۔
سینیٹ میں بلوچستان کی گیارہ خالی نشستوں کے انتخابات کیلیے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے جاری کردہ شیڈول کے مطابق امیدوار کاغذات نامزدگی آج اورکل جمع کرواسکیں گے۔ نامزد امیدواروں کے ناموں کی ابتدائی فہرست 17 مارچ کو جاری کی جائے گی اور کاغذات کی جانچ پڑتال 19 مارچ کو ہوگی۔
کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 21 مارچ تک دائرکی جا سکیں گی۔ ایپلیٹ ٹربیونل 25 مارچ تک اپیلوں پر فیصلے کریں گے جبکہ امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 26 مارچ کو جاری ہوگی۔ پولنگ 2 اپریل کی صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کوئٹہ میں بلوچستان اسمبلی میں ہوگی۔
چاروں صوبوں سے سینیٹ کی 7،7 جنرل، دو 2 ٹیکنوکریٹ اور 2 خواتین کی 2،2 نشستوں پرالیکشن ہوں گے۔پنجاب اور سندھ سے ایک ایک اقلیتی نشست پر بھی انتخاب ہو گا جبکہ اسلام آباد سے ایک جنرل اور ایک ٹیکنوکریٹ نشست پر انتخاب ہو گا۔