سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز

اسلام آباد (اُمت نیوز) 2 اپریل کو ہونیوالے سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری روز ہے۔

ذرائع کےمطابق اسلام آباد سے سینیٹ کی ٹیکنو کریٹ نشست پر اسحاق ڈار کے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے گئے ہیں جبکہ ن لیگ کی پرویز رشید، ناصر بٹ اور طلال چودھری کو بھی کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

دوسری جانب کراچی سے پیپلز پارٹی، ایم کیو ایم اور پی ٹی آئی کے امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے، سندھ کی 12 نشستوں پر آج 3 بجے تک صوبائی الیکشن کمیشن میں کاغذات نامزدگی وصول کیے جائیں گے۔

پی پی کے رضا ربانی، مولا بخش چانڈیو، تاج حیدر، روبینہ قائم خانی، سرفراز راجڑ، سید مسرور احسن، خالدہ مہیندرو، قادر خان مندوخیل، بیرسٹر ضمیر گھومرو، وقار مہدی اور دیگر کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔

ایم کیو ایم کی جانب سے ڈاکٹر فروغ نسیم اور پی ٹی آئی کے عبدالوہاب بلوچ بھی سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروائیں گے۔

ادھر صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق خیبرپختونخوا میں بھی سینیٹ کی 11 خالی نشستوں پر انتخابات 2 اپریل کو ہی ہوں گے، صوبے میں 7 جنرل، ٹیکنو کریٹ اور خواتین کی2 ،2 خالی نشستوں پر انتخاب ہو گا۔

کاغذات نامزدگی جمع کروانے کی آج آخری تاریخ ہے، 50 سے زائد امیدوار سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات جمع کروا چکے ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ سینیٹ انتخابات خفیہ رائے شماری سے ہوں گے، اراکین کے پی اسمبلی اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

ٹیکنوکریٹ کے لئے پی ٹی آئی کے اعظم خان سواتی اور سید ارشاد حسین نے کاغذات نامزدگی جع کروائے ہیں جبکہ جنرل نشستوں پرعرفان سلیم، فیصل جاوید، مرزا محمد آفریدی اور اظہر قاضی مشوانی نے کاغذات جمع کروائے ہیں۔

صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق محمد طلحہ محمود اور دلاور خان بھی سینیٹ الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا چکے ہیں۔