شمالی وزیر ستان میں دہشتگردوں کا حملہ، 7 فوجی شہید،6 دہشت گرد ہلاک

شمالی وزیرستان(اُمت نیوز)شمالی وزیرستان میں میرعلی کے مقام پر دہشت گردوں کا سیکیورٹی چیک پوسٹ پر حملہ ہوا ہے، حملے کے نتیجے میں لیفٹیننٹ کرنل، کیپٹن سمیت 7 فوجی شہید ہو گئے ہیں، جبکہ 6 دہشت گرد آپریشن میں جہنم واصل کر دیے گئے۔

آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری پریس ریلیز کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے باردو سے بھری گاڑی چیک پوسٹ سے ٹکرائی گئی تھی۔

دہشت گردی کے واقعے میں 5فوجی شہید ہو گئے۔

شہداء میں حوالدار صابر، نائک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجا اور سپاہی سجاد شامل تھے۔

حملے کے بعد دہشت گردوں سے جھڑپ میں لیفٹیننٹ کرنل کاشف اور کیپٹن احمد بدر شہید ہو گئے۔

شہید جوانوں کا تعلق ضلع خیبر، لکی مروت، پشاور، کوہاٹ اور ایبٹ آباد سے ہے۔

لیفٹیننٹ کرنل کاشف کا تعلق کراچی سے ہے اور کیپٹن محمد احمد بدر کا تعلق تلہ گنگ سے ہے۔

حملے کے بعد کلیئرنس آپریشن میں 6 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا گیا۔

آئی اسی پی آر کا کہنا ہے کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل کاشف علی اور کیپٹن احمد بدر کی نمازجنازہ بنوں کینٹ میں ادا کردی گئی ہے۔

ساتھ ہی حوالدار صابر، نائیک خورشید، سپاہی ناصر، سپاہی راجہ اور سپاہی سجاد کی بھی نماز جنازہ ادا کردی گئی ہے۔

نماز جنازہ میں جے او سی جنرل انجم ریاض سمیت بڑی تعداد میں اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔