لاہور(اُمت نیوز) لٹن روڈ کے علاقے میں مکان کی چھت گر گئی، ملبے تلے دب کر 3 بچے جان کی بازی ہار گئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق دو بچوں کو میو جبکہ ایک بچے کو سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا، جاں بحق ہونے والوں میں ایک بچہ اور 2 بچیاں شامل ہیں، بچوں کی شناخت 11 سالہ کائنات، 9 سالہ بسمہ اور 7 سالہ حسنین کے نام سے ہوئی۔
پولیس کا کہنا ہے واقعہ کی تحقیقات کی جارہی ہیں، قانونی کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کیا جائے گا۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے لٹن روڈ پر عمارت کی چھت گرنے کے واقعہ پر سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت کیا، انہوں نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ کمشنر کو ریسکیو آپریشن جلد مکمل کروانے کی ہدایت کی اور سوگوار خاندان کی ہر ممکن مدد کرنے کا حکم دیا۔
ڈی سی لاہور رافعہ حیدر کا کہنا تھا سکول سے واپس آنے والے بچوں کو کمرے میں چھوڑ کر ماں کھانا لینے گئی، بچے کمرے میں تھے، ٹی آر گاڈر سے بنی عمارت کی چھت گر گئی، اب تک ملبہ ہٹا کر تینوں بچوں کی لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔