کراچی (اُمت نیوز)پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ ڈیرن سیمی نے کہا ہے کہ مجھے پورا یقین ہے کہ بابر اعظم بہترین لیڈر ہے۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈیرن سیمی نے کہا کہ اس وکٹ پر ہم نے 15 سے 20 رنز کم کیے، ہم نے ابتدائی 10 اوورز کے بعد اسلام آباد کو کم بیک کا موقع دیا، جیسا آغاز ہوا اس کے بعد 200 کا ہدف ذہن میں تھا۔
انہوں نے کہا کہ یہ پشاور زلمی کی روایتی کرکٹ نہیں تھی، عماد وسیم اور حیدر علی نے بہت زبردست اننگز کھیلی، ہم نے بولنگ میں غلطیاں کیں، تسلسل کی کمی رہی۔
ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ ٹرافی نہیں جیتے تو ہر سال پلے آف کھیلنے کی کوئی اہمیت نہیں، 9 پلے آف میں ایک ٹرافی جیتنا کافی نہیں، ہمیں اور فائنل جیتنے چاہیے تھے۔
پشاور زلمی کے ہیڈ کوچ نے مزید کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کی واپسی پر بہت خوش ہوں، اُمید ہے فائنل میں کراچی میں بڑا کراؤڈ آئے گا۔
واضح رہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 9 کے ایلیمنیٹر 2 میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے پشاور زلمی کو 5 وکٹوں سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔
کراچی کے نیشنل بینک کرکٹ ایرینا میں کھیلے گئے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے ٹاس جیت کر پشاور زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی، زلمی نے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں پر 185 رنز بنائے۔
اسلام آباد یونائیٹڈ نے ہدف کا کامیاب تعاقب کرتے ہوئے 19ویں اوورز میں ہدف مکمل کیا۔
اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم فائنل میں ملتان سلطانز کا مقابلہ کرے گی۔