غز ہ (اُمت نیوز)غزہ میں اسرائیل کی دہشت گردی رمضان المبارک میں بھی روکی نہ جاسکی۔ بمباری سے ہونے والے جانی و مالی نقصان میں کمی واقع نہیں ہو رہی۔ اسرائیلی حملوں میں مزید 43 فلسطینی شہید ہوگئے۔ 24 گھنٹوں میں شہادتوں کی تعداد 65 ہوگئی۔
فلسطینی شہری دفاع کے ادارے نے بتایا ہے کہ امدادی کارکن ملبے سے زخمیوں کو نکالنے میں دن رات مصروف ہیں۔
ملبے سے بچے سمیت 2 افراد زندہ نکال لیے گئے۔ جس عمارت سے ان 2 افراد کو نکالا گیا ہے وہ گزشتہ روز اسرائیلی بمباری سے تباہ ہوئی تھی۔
دوسری طرف دنیا بھر میں فلسطینیوں کے حق میں مطاہرے بھی جاری ہیں۔ اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کاؤنسل کا 55 واں اجلاس جاری ہے۔ اس موقع پر ہزاروں افراد کا ادارے کے صدر دفتر کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں بھی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے آزاد فلسطین کے حق میں نعرے لگائے اور نماز ادا کی۔ جرمن دارالحکومت برلن میں بھی فلسطین کی حمایت میں مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین نے فلسطینی پرچم اٹھاکر مارچ کیا اور فوری جنگ بندی پر زور دیا۔
انسداد نسل پرستی کےعالمی دن پر فلسطینیوں کے حق میں مظاہروں کا اہتمام کیا گیا ہے۔ لندن میں مظاہرین نے برطانوی وزارتِ داخلہ کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے وائٹ بال تک ریلی بھی نکالی۔ انہوں نے غزہ میں نسل کشی اور اسلاموفوبیا کے خلاف نعرے بازی کی۔ پولیس نے متعدد مظاہرین کو حراست میں لے لیا