اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینئر نائب صدر اور رکن قومی اسمبلی شیر افضل خان مروت نے کہا ہے کہ میں نے آج وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو درخواست دی ہے کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار وزیراعظم شہباز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز ہوں گی۔
نجی ٹی وی کے مطابق ایف آئی اے دفتر کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے کہا کہ آج ایف آئی اے کے دفتر پیش ہوا ہوں، ایف آئی اے حکام نے سوالات کیے، تمام جوابات دے دیے۔
شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ میں نے آج درخواست دی ہے کہ اگر مجھے کچھ ہوا تو ذمہ دار شہباز شریف اور مریم نواز ہوں گے، ایف آئی اے کو کہا ہے کہ اِس معاملے کی تحقیقات ہونی چاہیے۔
انہوں نے بتایا کہ حد یہ ہے کہ میرے یہاں آنے سے پہلے مسلم لیگ (ن) والوں نے میرے خلاف درخواست دے دی کہ میرا یہ بتانا کہ میرے خلاف کرائے کے قاتلوں کی خدمات حاصل کرلی گئی ہیں، اِس سے ان کی جان کو خطرہ ہوگیا ہے۔