واشنگٹن (اُمت نیوز) افغانستان کی سرزمین سے پاکستان میں ہونے والے دہشتگرد حملوں میں ہونے والی شہادتوں پر امریکا کا ردعمل سامنے آ گیا ہے۔
امریکی محکمہ خارجہ کے نائب ترجمان نے پریس بریفنگ کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں ہونے والے حملے میں جانی نقصان پر افسوس ہے، افغان سرزمین سے حملے نہیں ہونے چاہئیں، فریقین آپس کے اختلافات ختم کریں، پرعزم ہیں کہ افغانستان دوبارہ دہشت گردوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ نہ بنے، ہم پاکستانی رہنماؤں کیساتھ باقاعدہ رابطے میں ہیں۔
ویدانت پٹیل نے کہا کہ افغانستان پر تفصیلی بات ہوئی، انسداد دہشت گردی کے مذاکرات اور دیگر دوطرفہ مشاورت پر بات چیت ہوتی ہے، امریکی سفیر اور پاکستانی وزیر اعظم نے دوطرفہ امور پر گفتگو کی، علاقائی سلامتی پر پاکستانی حکومت کے ساتھ شراکت داری پر گفتگو ہوئی۔
نائب ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے مزید کہا ہے کہ دونوں رہنماؤں نے آئی ایم ایف کیساتھ مسلسل اقتصادی اصلاحات امریکی حمایت پر بات چیت ہوئی، پرائیوٹ سیکٹر نے اقتصادی ترقی کے مسائل کی قیادت کی، پاکستانی شراکت داروں سے بات چیت جاری رکھے ہوئے ہیں۔