دشمن قوتیں پاکستان میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرناچاہتی ہیں،ریحام خان

اسلام آباد ( اُمت نیوز) معروف صحافی ریحام خان نے کہا ہے پاکستان پر بعض بیرونی قوتوں کی ایما پر ڈس انفارمیشن وار مسلط کر دی گئی ہے، دشمن قوتوں کا مقصد پاکستان میں سیاسی عدم استحکام اور انارکی پیدا کرنا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سنٹر فار ڈویلپمنٹ اینڈ سٹینبلٹی کے زیر اہتمام اسلام آباد میں ڈس انفارمیشن کے ملکی سلامتی پر منفی اثرات کے عنوان سے سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ چند سیاسی مفاد پرست اور شرپسند دشمن قوتوں کے آلہ کار بن چکے ہیں جو پاکستان مخالف بیانیہ بنانے کی کوشش کر رہے ہیں،حکومت اور اداروں کو ان منفی عزائم کو ناکام بنانا ہو گا،نوجوان منفی پروپیگنڈہ مسترد ، ملکی تعمیر و ترقی میں اپنا کردار ادا کریں۔

بریگیڈیر (ر) آصف ہارون راجہ نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ دور میں جنگی حکمت عملی تبدیل ، سوشل میڈیا کو ڈس انفارمیشن کے لئے بطور ہتھیار استعمال کیا جاتا ہے ، ہماری نوجوان نسل کی منظم منصوبہ بندی کےتحت ڈس انفارمیشن پر مبنی ذہن سازی کی جا رہی ہے ۔

ای یو ڈس انفولیب نے پاکستان کے خلاف بھارتی ذرائع ابلاغ کا جعلی نیٹ ورک بے نقاب کیا ،بھارت 265 سے زائد جعلی تنظیموں کے ذریعے عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی کوشش کرتا رہا۔ڈاکٹر عرفان اشرف نے کہا کہ غلط معلومات پر مبنی وی لاگز کا مقصد پاکستان کے نوجوانوں کو گمراہ کرنا ہے ، باہر بیٹھے عناصر غیر ملکی طاقتوں کی ایما پر پاکستان کے سلامتی کے اداروں پر بے بنیاد الزام تراشی کر رہے ہیں ، ڈس انفارمیشن اس دور میں عالمی خطرہ ہے۔