اسلام آباد (اُمت نیوز) پاکستان اور اردن کی فٹبال ٹیموں کے درمیان فیفا ورلڈ کپ کے کوالیفائرز راؤنڈ کا اہم میچ آج کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور اردن کی ٹیمیں آج اسلام آباد کے جناح فٹبال سٹیڈیم میں اتریں گی، میچ پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے شروع ہو گا، مہمان ٹیم 18 سال بعد پاکستانی سرزمین پر کھیلے گی، اس سے قبل اردن کی ٹیم نے 2006ء میں پاکستان کا دورہ کیا تھا، قومی فٹبال ٹیم کے کپتان نے شائقین سے مطالبہ کیا کہ میچ دیکھنے آئیں اور ہمیں سپورٹ کریں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز 18 سال بعد اردن کی فٹبال ٹیم کے اسلام آباد پہنچنے پر اردن کے سفیر ڈاکٹر ماین خریست نے استقبال کیا تھا، اس موقع پر سفارتخانے کے دیگر اراکین اور پی ایف ایف کے حکام بھی موجود تھے، مہمان ٹیم کو سخت سکیورٹی میں ایئرپورٹ سے ہوٹل پہنچایا گیا۔