سرمایہ کاری سہولت کونسل کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب

 

اسلام آباد( اُمت نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے ملک میں غیر ملکی سرمایہ کاری لانے کے حوالے سے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کی اپیکس کمیٹی کا اجلاس آج طلب کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اپیکس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کریں گے، آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور دیگر اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، اجلاس میں ملک میں سرمایہ کاری سے متعلق امور کا جائزہ لیا جائے گا، سابق نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ اور نگران کابینہ کو بھی خصوصی طور پر اجلاس میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔

دوسری جانب پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان مذاکرات کامیاب ہونے پر سٹاف لیول معاہدہ طے پا گیا ہے، معاہدے کے تحت پاکستان کو آئی ایم ایف سے ایک ارب 10 کروڑ ڈالر ملیں گے، وزارت خزانہ کی جانب سے آئی ایم ایف اہداف پر بروقت عمل کیا گیا۔

آئی ایم ایف کی طرف سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ پاکستان نے ادارہ جاتی اصلاحات اور ملکی معیشت کو مستحکم بنانے کیلئے اقدامات کیے ہیں، ایگزیکٹیو بورڈ اپریل میں سٹاف لیول معاہدے کی حتمی منظوری دے گا، پاکستان میں رواں مالی سال کے دوران مہنگائی ہدف سے زائد رہنے کی پیشگوئی ہے۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ پاکستانی معیشت کو چیلنجز کا سامنا ہے جس کیلئے اقدامات کی ضرورت ہے، امید ہے نئی منتخب حکومت معاشی اہداف پر بروقت عملدرآمد کرے گی، حکومت غریب طبقات کو بجلی اور گیس کے ریٹ بڑھنے میں تحفظ دے گی، ٹیکس نیٹ سے باہر شعبوں کو ٹیکس نیٹ میں لانا ہو گا۔