لاہور (اُمت نیوز) ویسٹ انڈیز کی خواتین کرکٹ ٹیم کے 5 ٹی 20 اور 3 ون ڈے میچز کی سیریز کیلئے دورہ پاکستان کے شیڈول کا اعلان کردیا گیا۔
ویسٹ انڈینز ویمن کرکٹ ٹیم تین ون ڈے انٹرنیشنل اور پانچ ٹی ٹوئنٹی میچ کھیلنے کیلئے 14 اپریل کو کراچی پہنچے گی۔
آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ 25-2022 کیلئے تین ون ڈے میچز 18، 21 اور 23 اپریل جبکہ 26، 28، 30 اپریل، 2 اور 3 مئی کو پانچ ٹی 20 میچز کھیلے جائیں گے۔
پاکستان ویمن ٹیم اس وقت آئی سی سی ویمن چیمپئن شپ کی رینکنگ میں 18 میچز میں 16 پوائنٹس حاصل کرکے تیسرے نمبر پر موجود ہے جبکہ ویسٹ انڈیز کی ٹیم 12 میچوں میں 8 پوائنٹس کے ساتھ نویں نمبر پر ہے۔
آئی سی سی ویمن ٹی 20 رینکنگ میں پاکستان آٹھویں پوزیشن جبکہ ویسٹ انڈیز چھٹے نمبر پر ہے۔