لاہور (اُمت نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر نسیم شاہ دی ہنڈریڈ کے مہنگے ترین کھلاڑیوں میں شامل ہو گئے۔
دی ہنڈریڈ پلیئر ڈرافٹ میں پاکستانی فاسٹ باؤلر کی دھوم ہے، برمنگھم فونکس نے نسیم شاہ کو ایک لاکھ 25 ہزار پاؤنڈز کے عوض حاصل کر لیا۔
نسیم شاہ ایک لاکھ 25 ہزار پاؤنڈز کی مہنگی ترین کیٹیگری میں آنے والے پہلے پاکستانی ہیں اور ان کا پاکستانی کرنسی میں معاوضہ تقریباً ساڑھے 4 کروڑ روپے ہو گا۔
پاکستان کے عماد وسیم اور شاہین شاہ آفریدی بھی دی ہنڈریڈ کیلئے منتخب ہو گئے ہیں، عماد وسیم کو ٹرینٹ راکٹس نے ایک لاکھ پاؤنڈز میں حاصل کیا جبکہ ویلش فائر نے شاہین شاہ آفریدی کو مسلسل دوسرے سیزن میں سائن کیا۔
شاہین شاہ آفریدی کو بھی ایک لاکھ پاؤنڈز معاوضے پر سائن کیا گیا ہے۔
حارث رؤف کو ویلش فائر اور اسامہ میر کو مانچسٹر اوریجنل نے ڈرافٹ سے سکواڈ میں برقرار رکھا تھا۔
واضح رہے کہ دی ہنڈریڈ کا چوتھا ایڈیشن جولائی میں شروع ہو گا، چوتھے ایڈیشن میں مینز اور ویمنز کی 8-8 ٹیمیں حصہ لیں گی۔
ایونٹ کا پہلا میچ 23 جولائی کو لارڈز کے کرکٹ گراؤنڈ میں برمنگھم فونکس اور اوول انوینسیبلز کے درمیان کھیلا جائے گا۔