راولپنڈی (اُمت نیوز)پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ گوادر میں دہشتگردوں کا حملہ ناکام بناتے ہوئے بہادری سے مقابلے کرتے دو سپاہی شہید ہوئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 20 مارچ 2024 کو آٹھ دہشت گردوں کے ایک گروہ نے گوادر میں پورٹ اتھارٹی کالونی میں داخل ہونے کی کوشش کی جسے سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے کامیابی سے ناکام بنادیا۔
سیکیورٹی پر تعینات فورسز نے فوری طور پر جوابی کارروائی کی اور دہشت گردوں کو مؤثر طریقے سے روکا، فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں تمام آٹھ دہشت گردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔
مارے گئے دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔
فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران دو بہادر سپاہی ڈی جی خان کے بہار خان اور خیرپور کے عمران علی بہادری سے لڑتے ہوئے شہید ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن و استحکام کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پُرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔