اسلام آباد(امت نیوز) یوم پاکستان آج انتہائی جوش و جذبے سے منایا جارہا ہے، اس دن کی مناسبت سے آج پاکستان، آزاد کشمیر اور دنیا بھر میں پاکستانی سفارتخانوں میں خصوصی تقاریب کا انعقاد کیا جائے گا۔ یوم پاکستان کی سب سے بڑی تقریب شکڑ پڑیاں گرائونڈ پر ہونے والی مسلح افواج کی مشترکہ پریڈ ہے جس کے مہمان خصوصی صدر مملکت آصف علی زرداری ہونگے جبکہ وزیراعظم شہباز شریف چاروں صوبائی گورنرز، وزراء اعلیٰ، وفاقی وزراء، سپیکر قومی اسمبلی و دیگر اہم شخصیات بھی پریڈ دیکھیں گئی جبکہ افواج پاکستان کی قیادت بھی اس موقع پر موجود ہوگی۔ تینوں مسلح افواج کے ساتھ ساتھ پاکستان رینجرز، ایف سی، اسلام آباد پولیس، گلگت بلتستان، چین اور آذربائیجان کے دستے بھی پریڈ کا حصہ ہیں جبکہ پاک فضائیہ کے جدید جنگی طیارے فلائی پاسٹ کا مظاہرہ کرینگے۔ اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری پریڈ سے خصوصی خطاب بھی کرینگے
۔بعد ازاں دستے مارچ پاسٹ کرتے ہوئے سلامی کے جبوترے کے سامنے سے گزریں گے اور مہمان خصوصی کو سلامی دینگے۔ صدر پریڈ کا معائنہ کرینگے اس موقع پر مسلح افواج کے زیر استعمال جدید دفاعی و جنگی سازوسامان اور آلات کی نمائش بھی کی جائے گی جس میں جدید ترین ٹینکس،انفنٹری ،پاکستان کے اندر تیار کئے جانے والے ڈرونز ،میزائلزبھی شامل ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ چاروں صوبوں آزاد کشمیر گلگت بلتستان کے ثقافتی فلوٹس بھی پاکستانی ثقافت کے رنگ بکھریں گے، یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر میں بھی خصوصی تقریب ہوگی جس میں صدر آصف زرداری مختلف شعبہ ہائے زندگی میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات میں اعزازات تقسیم کرینگے جبکہ وطن کی خاطر جانوں کا نذرانہ دینے والے شہداء کے اہلخانہ اور بہادری کا مظاہرہ کرنے والے فوجی جوانوں و افسران کو فوجی اعزازات سے نوازا جائے گا۔ ایسی تقریبات صوبائی گورنرز ہائوسز میں بھی ہونگی جہاں پر صوبائی گورنرز اعزازت تقسیم کرینگے ۔ آزاد کشمیر میں بھی یوم پاکستان کی مناسبت سے تقاریب کا اہتمام کیا گیا ہے جبکہ پرچم کشائی کی تقاریب بھی ہونگی۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں دن کا آغاز 31 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ صوبائی دارالحکومتوں میں بھی یوم پاکستان کا آغاز 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔ گلگت بلتستان، آزادکشمیر اور مقبوضہ کشمیر میں بھی خصوصی تقرےبات ہوں گی کراچی میں بانی پاکستان قائداعظم محمد جناح کے مزار پرگارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوگی۔شہری بابائے قوم محمد علی جناح اور شاعرمشرق علامہ اقبال کے مزاروں پر حاضری دیکر اظہار عقیدت کریں گے۔مزار قائد کے علاوہ شاعر مشرق علامہ اقبال کی مزار پر بھی حاضری دے کر اظہار عقیدت کیا جائے گا۔لاہورمیں واہگہ بارڈرپرپرچم اتارے جانے کی خصوصی تقریب ہوگی۔ پاکستان رینجرز پنجاب اوربی ایس ایف انڈیا کے مابین مٹھائی اوتحائف کا تبادلہ بھی کیا جائے گا۔ یوم پاکستان کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ میں اس پرمسرت موقع پر آپ سب کیلئے نیک خواہشات کا اظہار اور دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پوری قوم یوم پاکستان کی روح کے مطابق جمہوریت، انصاف اور مساوات کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرے، مجھے یقین ہے کہ ہم متحد ہو کر تمام رکاوٹوں کو عبور کریں گے اور اپنے پیارے پاکستان کیلئے ایک بہتر اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہوں گے۔
آصف علی زرداری نے کہا کہ آج ہم اپنے کشمیری بھائیوں کی تحریک پاکستان کے دوران اور غیر قانونی بھارتی زیرتسلط جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے جاری جدوجہد میں دی جانے والی بے مثال قربانیوں کو بھی تسلیم کرتے ہیں۔ پاکستان کو اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی جانب سے معصوم فلسطینیوں کے اندھا دھند قتل، تعلیمی اداروں اور ہسپتالوں پر مسلسل حملوں پر گہری تشویش ہے، پاکستان 1967 سے قبل کی سرحدوں کے مطابق القدس شریف میں دارالحکومت پر مبنی ایک آزاد، پائیدار اور ملحقہ فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے اپنی اصولی موقف پر قائم ہے۔ وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ میں اندون اور بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو یوم پاکستان پر دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں ، 23 مارچ ہماری تاریخ کا ایک اہم دن ہے،1940 میں اسی دن برصغیر پاک وہند کے مسلمانوں نے تاریخی ’’قرارداد لاہور‘‘ کے ذریعے ایک علیحدہ وطن کا مطالبہ کیا جہاں وہ اسلام کے اصولوں کے مطابق آزادی سے اپنی زندگی گزار سکیں ہمارے آباؤ اجداد نے پاکستان کے لیے مثالی قربانیاں دیں۔ لاکھوں مسلمانوں نے ہندوستان میں اپنے گھر بار چھوڑ کر پاکستان ہجرت کرنے کا فیصلہ کیا۔ نئی ریاست کو بے پناہ چیلنجوں کا سامنا کرنا پڑا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ 23 مارچ کو قوم اپنے بانی اجداد کی دور اندیشی، قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کو خراج عقیدت پیش کرتی ہے، جنہوں نے ایک ایسے وطن کے قیام کیلئے انتھک محنت کی جہاں آزادی، انصاف اور مساوات کا راج ہوگا۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کی جماعت بانی اجداد کے نظریات بالخصوص قائد اعظم محمد علی جناح کے وژن کی پاسداری کیلئےغیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑی رہے گی۔ صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے، کشمیری پاکستان کو اپنے لیے مقدس سرزمین سمجھتے ہیں ۔23مارچ1940 کا دن اہل پاکستان اور ریاست جموں وکشمیر کے مسلمانوں کی تاریخ میں ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔