اسلام آباد(اُمت نیوز)ملک بھر میں یوم پاکستان ملی جوش وجذبے سے منایا جارہا ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے شکرپڑیاں گراؤنڈ میں مسلح افواج کی روایتی پریڈ جاری ہے۔
23 مارچ، ترقی، امن اور خوشحالی کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔یوم پاکستان کے موقع پر دن کے آغاز پر توپوں کی سلامی دی گئی۔
وفاقی دارالحکومت میں31 توپوں کی سلامی دی گئی۔صوبائی دارالحکومتوں میں21،21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔
نماز فجر کے بعد مساجد میں ملکی سلامتی اور ترقی کیلئے دعائیں مانگی گئیں۔یوم پاکستان کے موقع پر اہم سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم لہرا دیا گیا۔
پاکستان کے بہادر اور متحد عوام ، وطن عزیز سے پر جوش محبت کا اظہار کررہے ہیں۔یوم پاکستان پر لاہور میں مزار اقبال پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب جاری ہے۔
مزار اقبال پر پاک فضائیہ کا خصوصی دستہ فرائض سنبھال رہا ہے۔ایئروائس مارشل طارق محمود تقریب کے مہمان خصوصی ہیں۔