فائل فوٹو
فائل فوٹو

نواب شاہ، زمین کے تنازع پر فائرنگ،7 افراد جاں بحق، 8 زخمی

نواب شاہ: گاؤں حاجی واحد بخش ڈاہری میں زرعی زمین کے تنازع پر ڈاہری برادری کے دو گروہوں میں تصادم ہوگیا، فائرنگ سے 7 افراد ہلاک اور 8 زخمی ہوگئے۔ علاقے میں کشیدہ صورتحال کے باعث ضلع بھر کی پولیس نفری طلب کرلی گئی۔ وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ۔

ڈاہری برادری کے درمیان تصادم صبح کے وقت زرعی زمین پر ہوا۔دونوں گروہوں نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک گروپ کا ایک شخص اور دوسرے گروپ کے 6 افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے جبکہ 6 سے افراد زخمی ہوئے۔

واقعہ کی اطلاع پر ضلع بھر کی پولیس کو طلب کرلیا گیا جس نے صورتحال کو کنٹرول کرنے کے بعد ہلاک ہونے والے سات افراد اور 6 زخمیوں کو مقامی اسپتال پہنچایا۔

پولیس کے مطابق علاقے میں صورتحال تشویشناک ہے، دونوں گروہوں کے مسلح افراد موجود ہیں جبکہ پولیس کی بھاری نفری کو کسی بھی صورتحال سے نمٹنے کے لئے تعنیات کیا گیا ہے۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے نواب شاہ کے قریب گاؤں حاجی واحد بخش ڈاہری میں زمین کے تنازع پر تصادم میں 7 افراد کی ہلاکت کا نوٹس لیتے ہوئے آئی جی سندھ کو واقعے کی تفصیلی رپورٹ پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ افسوس ہوا رمضان المبارک کے مہینے میں ایسا واقع ہوا ہے، علاقے میں امن قائم کرنے کے لئے فوری طور پر اقدام کیے جائیں۔