پشاور: طورخم نادرا پوائنٹ پر دو سرکاری اداروں کے اہلکاروں کے درمیان ہاتھاپائی ہوئی جس کے دوران دونوں جانب سے متعدد اہلکار زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق طورخم امیگریشن سیکشن میں دو بار ایف سی اور ایف آئی اے میں ہاتھا پائی ہوئی۔ زخمیوں میں ایف آئی اے کے 13 اہلکار شامل ہیں۔ ایف آئی اے کے متعدد زخمی اہلکاروں کو لنڈی کوتل اسپتال منتقل کرکے طبی امداد فراہم کی گئی۔
ایف آئی اے امیگریشن عملہ نے احتجاجا دفاتر بند کردیے جس کے باعث نادرا پوائنٹ پر سرحدی گزرگاہ کو پیدل آمد و رفت کےلیے بند کردیا گیا جس کے نتیجے میں افغانستان جانے والے سیکڑوں افراد پھنس گئے، تاہم کئی گھنٹوں بعد سرحد کو کھول دیا گیا۔