اسلام آباد(امت نیوز) وفاقی حکومت نے غلام نبی میمن کو سندھ کے انسپکٹر جنرل (آئی جی) کے طورپرتعینات کردیا۔اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وفاقی حکومت کی منظوری سے پاکستان پولیس سروس کے گریڈ 21 کے افسر غلام نبی میمن کا تبادلہ کرکے سندھ کا صوبائی پولیس افسر(پی پی او) تعینات کردیا گیا ہے۔
غلام نبی میمن اس وقت کامرس ڈویژن کے ماتحت اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کے فرائض انجام دے رہے ہیں۔ نوٹی فکیشن میں بتایا گیا کہ غلام نبی میمن کا سول سروس ایکٹ 1973کے سیکشن 10 کے تحت تبادلہ کیا گیا ہے اور اس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔
واضح رہے کہ غلام نبی میمن اس سے قبل بھی آئی جی سندھ تعینات رہ چکے ہیں اور نگران صوبائی حکومت کے چارج سنبھالنے کے بعد 19 اگست 2023 میں ان کا تبادلہ کرکے رفعت مختار کو صوبے کا آئی جی مقرر کیا گیا تھا۔