غزہ : اسرائیلی فوجیوں پرخواتین کو ریپ کے بعد قتل کرنے کا الزام

 

غزہ(امت نیوز)غزہ کے زیرانتظام وزارت صحت کی جانب سے ایک رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز اسرائیل کے تازہ حملوں میں 84فلسطینی شہید ،106زخمی ہوچکے ہیں۔ادھرالشفا اسپتال میں اسرائیلی آپریشن ساتویں روز میں داخل ہو گیا ہے،ایک طرف جہاں اسرائیلی فوج نے سکڑوں مریضوں، بے گھر فلسطینیوں اور طبی عملے کو انخلا کا حکم دیا ہے وہیں یہ انکشاف بھی ہوا ہے کہ صیہونی فوج آپریشن کے دوران فلسطینی خواتین سے زیادتی کرکے انہیں قتل کررہی ہے۔

الشفا اسپتال کے قریب ایک عمارت میں پھنسی ہوئی ایک فلسطینی خاتون جمیلہ الحسی نے قطری نشریاتی ادارہ الجزیرہ کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے ہسپتال پر جاری چھاپے کے دوران خواتین کو اغوا کرکے ریپ کا نشانہ بنایا اور پھر قتل کر کے لاشیں اپنے کتوں کے آگے پھینک دیں۔جمیلہ الحسی نے مزید کہا کہ ہر کسی کو ڈر ہے کہ اسے قتل یا گرفتار کر لیا جائے گا، مجھے محسوس ہوتا ہے کہ غزہ جہنم کی آگ سے بدتر ہو چکا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ میں بھوک و افلاس کے شکار آٹے کے تھیلوں کا انتظار کرنے والوں پر اسرائیلی ٹینکوں نے مشین گن سے فائرنگ کر دی جس سے 19فلسطینی شہید ہوگئے۔ رپورٹس کے مطابق دیرالبلح میں گھر پر حملے میں بھی 7 فلسطینی شہید ہو گئے۔

مغربی کنارے کے شہر طولکرم میں حماس کے حملے میں افسر سمیت4 اسرائیلی فوجی ہلاک ہوگئے، جبکہ حماس نے غزہ میں الشفا کمپلیکس کا گھیراؤکرنے والے مزید اسرائیلی ٹینک تباہ کرکے متعدد اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی کر دئیے۔ دوسری جانب اسرائیل نے ایک فوجی کی ہلاکت اور 7 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیل نے امداد کیلئے امریکہ کو غزہ میں عالمی قوانین کی پاسداری کی یقین دہانیاں کرا دیں، جبکہ 17امریکی ڈیموکریٹک سینیٹرز نے صدر جوبائیڈن پر اسرائیلی یقین دہانیاں مسترد کرنے پر زور دے دیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق غزہ میں خوراک کی فراہمی کے مراکز پر اسرائیلی حملوں کی مذمت اور فوری جنگ بندی کا مطالبہ کرنے پر اسرائیل نے ڈھٹائی کا مظاہرہ کرتے اقوام متحدہ کو بلاجواز اور بے بنیاد تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔