کرکٹ کی بہتری کیلیے خزانہ خالی بھی کردیا تو خوشی ہوگی، محسن نقوی

 

لاہور(اُمت نیوز) چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا ہے کہ خزانہ خالی بھی چھوڑ کر گیا تو خوش ہوں گا کہ کرکٹ کی بہتری پر خرچ ہوا، صحافی بھی تو تنخواہ پر کام کرتے ہیں، اسٹار کرکٹرز کو بھی اچھی تنخواہ دی جائے گی۔

قذافی اسٹیڈیم میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ سرمایہ ہو تو کھیل کی بہتری پر لگایا جانا چاہیے، بورڈ کا خزانہ کرکٹ اور کرکٹرز پر لگے گا، خزانہ خالی بھی چھوڑ کر گیا تو خوش ہوں گا کہ کرکٹ کی بہتری پر خرچ ہوا، بینکوں میں پیسہ رکھنے کا کوئی فائدہ نہیں، کرکٹرز کیلیے پیسہ رہے گا، پیسہ ہے تو کوچز بھی اچھے آنے چاہیں، اگر کرکٹ کی بہتری ہوتی ہے تو رقم خرچ کرنے میں کوئی حرج نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پی سی بی کی 7رکنی سلیکشن کمیٹی تشکیل، وہاب ریاض، محمد یوسف شامل

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے صحافیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بھی تو تنخواہ کیلیے کام کرتے ہیں، سلیکشن کمیٹی سمیت پی سی بی کا حصہ بننے والے اسٹار کرکٹرز کو بھی اچھی تنخواہ دی جائے گی۔