اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان نے غزہ پر اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کی منظوری کا خیر مقدم کرتےہوئے اس پر فوری عمل کا مطالبہ کیا ہے۔
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے جاری بیان میں کہا ہے کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2728 کی منظوری کا خیر مقدم کرتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس قرارداد میں رمضان المبارک کے دوران غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ ہے، قرارداد میں غزہ میں شہریوں کے تحفظ، انسانی امداد بڑھانے اور اسے تقویت دینے پر زور ہے۔
منیر اکرم کا کہنا ہے کہ اس قرارداد کو غزہ میں اسرائیل کی وحشیانہ مہم کو روکنے کے لیے پہلا قدم قرار دیتے ہیں، پاکستان فلسطین کو محفوظ اور خود مختار ریاست بنانے کے لیے فعال طورپر کام کرتا رہے گا۔
انہوں نے کہا ہے کہ پاکستان مسئلہ فلسطین کے منصفانہ، جامع اور پائیدار حل کے لیے بھی کام کرتا رہے گا\
اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے یہ بھی کہا ہے کہ ایک ایسی فلسطینی ریاست جو جون 1967ء سے پیشگی سرحدوں پر قائم ہو، ایک ایسی فلسطینی ریاست جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔