عالمی برادری سکیورٹی کونسل کی قراردادپرعملدرآمد یقینی بنائے، وزیراعظم

 

اسلام آباد(اُمت نیوز)پاکستان نے غزہ میں جنگ بندی قرارداد کی منظوری کا خیرمقدم کیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ عالمی برادری سکیورٹی کونسل کی قرار داد پر عملدرآمد یقینی بنائے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی کی قرار داد منظور ہونے کے بعد وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہے کہ صہیونی ظلم و جبر کو مستقل طور پر بند ہونا چاہیے۔

انھوں نے کہا کہ اسرائیل کے حملوں میں ہزاروں خواتین اور بچے شہید ہوئے، دانستہ طور پر اسپتالوں اور پناہ گزین کیمپوں کو نشانہ بنایا گیا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان، فلسطینی ریاست کیلئے حمایت جاری رکھے گا، فلسطینی بہن بھائیوں کی ریاست کیلئے حمایت کرتے رہیں گے۔
ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا ہے کہ ہم سلامتی کونسل کی قرارداد پر تیزی سے عمل درآمد کا مطالبہ کرتے ہیں۔