فیصل آباد (اُمت نیوز) ڈجکوٹ روڈ پر ڈور پھرنے سے نوجوان آصف کی ہلاکت کے معاملے میں اہم پیشرفت ہوئی ہے جہاں نوجوان کی ہلاکت کا سبب بننے والے ملزم کو ساتھیوں سمیت گرفتارکرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق مختلف تکنیکی ذرائع کا استعمال کرتے ہوئے مرکزی ملزم عابد کو حراست میں لیاگیا، مرکزی ملزم کے انکشاف پر اسکے دیگر ساتھیوں کو حراست میں لیا گیا، ملزمان جائے وقوعہ کے قریب واقع بلند عمارت پر پتنگ بازی کررہے تھے۔
پولیس کا بتانا ہے کہ ملزمان کے زیر استعمال چھت سے جلا ہوا پتنگ بازی کا سامان بھی برآمد ہوا تھا۔
واضح رہے کہ جمعہ کی شام 22 سالہ آصف گلے پر ڈور پھرنے سے جاں بحق ہوگیا تھا، پولیس نے نامعلوم ملزمان کے خلاف اپنی مدعیت میں واقعہ کا مقدمہ بھی درج کیا تھا۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز نے بھی واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔
پولیس نے ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی سربراہی میں دو اعلی سطحی کمیٹیاں بھی تشکیل دی تھیں جبکہ ٹیموں کی جانب سے سی سی ٹی وی کیمروں اور مختلف سورسز کے استعمال سے کیس کی تفتیش کی گئی۔ گرفتار ملزمان کے قبضہ سے پتنگ بازی کا سامان بھی برآمد کیا گیا۔