اسلام آباد: ہائی کورٹ ججز کی جانب سے لکھے گئے خط پرچیف جسٹس آف پاکستان کی زیر صدارت عدالت عظمیٰ کا فل کورٹ اجلاس دو گھنٹے سے زائد جاری رہنے کے بعد اختتام پذیر ہوگیا
چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے سپریم کورٹ کا فل کورٹ اجلاس آج ہی طلب کیا گیا تھا، جس میں سپریم کورٹ کے ججز شریک ہیں۔ اجلاس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں معاملہ فل کورٹ بنچ اور سپریم جوڈیشل کونسل میں لے جانے پر غور کیا گیا۔فل کورٹ اجلاس کا اعلامیہ کچھ دیر میں جاری ہونے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کے خط کے معاملے پر اٹارنی جنرل نے چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ سے ملاقات کی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس ملاقات میں اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے حوالے سے لکھے گئے خط کے بارے میں غور کیا گیا۔ بعد ازاں اٹارنی جنرل نے صحافیوں سے گفتگو میں بتایا کہ ججز کے خط کا معاملہ سنجیدہ ہے، جس کی تحقیق ہونی چاہیے۔