لاہور: (اُمت نیوز) قومی فاسٹ باؤلر محمد عباس نے کہا ہے کہ میں مخصوص کنڈیشن کا باؤلر نہیں ہوں۔
کاؤنٹی کرکٹ کیلئے انگلینڈ روانگی سے قبل گفتگو کرتے ہوئے محمد عباس کا کہنا تھا کہ میری اوسط پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں دوسرے نمبر پر ہے، پاکستان ڈومیسٹک کرکٹ میں اوسط کے لحاظ سے نمبر ون ہوں جبکہ میری ٹیسٹ کرکٹ میں بہترین پرفارمنسز دبئی میں ہیں، ڈومیسٹک کرکٹ میں بہترین پرفارمنسز کراچی میں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ مجھے جو مخصوص کنڈیشن کا باؤلر کہتے ہیں وہ میری باؤلنگ کے اعداد و شمار دیکھیں، میرے اعداد و شمار ثابت کرتے ہیں کہ میں مخصوص کنڈیشن کا باؤلر نہیں ہوں، اگر میں مخصوص کنڈیشن کا باؤلر ہوں تو ان کنڈیشن سے تو مجھے مدد نہیں ملنی چاہیے اور ان کنڈیشن میں تو مجھے کرکٹ ہی نہیں کھیلنی چاہیے۔
قومی فاسٹ باؤلر کا کہنا تھا کہ جو لوگ مجھے انگلینڈ کی کنڈیشنز کا باؤلر کہتے ہیں اس کی وجہ وہی لوگ بتا سکتے ہیں، میرے ہاتھ میں جو ہے میں وہی کر سکتا ہوں، اس لئے میرا فوکس ٹریننگ پر ہوتا ہے اور میں تمام کنڈیشنز میں اور ہر فارمیٹ میں 100 فیصد دینے کی کوشش کرتا ہوں۔
واضح رہے کہ 34 سالہ محمد عباس 25 ٹیسٹ اور 3 ون ڈے میچز میں پاکستان کی نمائندگی کر چکے ہیں، انہوں نے آخری ٹیسٹ اگست 2021 میں ویسٹ انڈیز جبکہ آخری ون ڈے انٹرنیشنل مارچ 2019 میں دبئی میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلا تھا۔