واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک بار پھر دھمکی دی ہے کہ اگر نومبر کے صدارتی انتخاب میں اُنہیں شکست کا سامنا کرنا پڑا تو بڑی خرابیاں پیدا ہوں گی اور شاید ملک ہی باقی نہ رہے۔
فاکس نیوز کوایک انٹرویو دیتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ 5 نومبر 2024 امریکا کی تاریخ کا اہم ترین دن ہوگا۔ اس وقت ملک کی حالت بہت خراب ہے۔ عوام کے پاس 5 نومبر 2024 کو بہتر تبدیلیوں کی راہ ہموار کرنے کا موقع ہوگا۔ اگر درستی یقینی بنانے والی تبدیلیاں نہ آئیں تو پھر ملک ہی نہیں رہے گا۔
جب اس انٹرویو کے حوالے سے امریکا بھر میں شدید ردعمل دکھائی دیا تو ڈونلڈ کی انتخابی مہم کے ترجمان اسٹیون چیونگ نے معروف جریدے نیوز ویک کے نام ایک ای میل میں کہا کہ قانون کی علمداری اور امریکیوں کی سلامتی کے بغیر یہ ملک بھی باقی نہ رہے گا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سابق صدر صرف یہ کہہ رہے تھے کہ ملک کو حقیقی استحکام کی ضرورت ہے جو صرف اُن کی فتح کی صورت میں واقع ہوسکتا ہے۔
یاد رہے کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے کچھ دن پہلے بھی ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ اگر وہ دوبارہ صدر منتخب نہ ہوئے تو ملک میں خون کی ندیاں بہہ نکلیں گی۔ اور یہ بھی ہوسکتا ہے کہ امریکا میں پھر بھی جمہوریت کا سورج طلوع ہی نہ ہو۔