دمشق میں ایرانی سفارتخانے پر اسرائیل کامیزائل حملہ، کمانڈرسمیت8جاں بحق

دمشق (اُمت نیوز)اسرائیل نے دمشق میں  ایرانی سفارت خانے کی عمارت بمباری کرکے تباہ کردی ہے، جس سے پاسدران انقلاب کے ایک  جنرل اور کچھ سفارتکاروں سمیت کم ازکم 8 افراد شہید ہوگئے ، حملے سے ایرانی سفیر کی رہائش گاہ پر بھی تباہی ہوئی ہے، ایرانی حکام نے حملے میں پاسدرانِ انقلاب کے سینیئر کمانڈر برگیڈیئر جنرل محمد رضا زاہدی کے نشانہ بننے کی تصدیق کردی ہے، اور کہا ہے کہ اس حملے کا جواب دیا جائے گا.حملے میں قونصل خانے سے متصل عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی.

شامی مبصر گروپ برائے انسانی حقوق نے بتایا کہ میزائل حملے میں قونصل خانے اور سفیر کی رہائش گاہ کو نشانہ بنایا گیا تھا۔شامی وزارت دفاع کے مطابق حملےمیں قونصل خانے سے متصل عمارت ملبے کا ڈھیر بن گئی،جو قونصل خانے کا توسیعی حصہ تھی۔ ایرانی نیوز ایجنسی نور کے مطابق حملے میں ایرانی سفیر حسین اکبری اور ان کے اہلخانہ محفوظ ہیں۔سفیر حسین اکبری نے ایرانی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حملے نے صیہونی حکومت کی حقیقت آشکار کر دی ہےجوکسی بھی عالمی قانون کی پاسداری نہیں کرتی،

سفیر کے مطابق اسرائیل نےایف35لڑاکا طیارے سے یہ حملہ کیا ہے۔شامی وزیر خارجہ فیصل مقدار نے حملے کے بعد جائے وقوعہ کا دورہ کیا اور اپنے ایرانی ہم منصب حسین امیر عبداللہیان سے ٹیلیفونک گفتگو میں اسے گھناؤنا حملہ قرار دیتے ہوئے اس کی سخت مذمت کی۔قبل ازیں اسرائیل نے لبنان اور شام میں فضائی حملے کیے جن میں حزب اللہ کمانڈر اسماعیل الزین اور دو شہری جاں بحق ہو گئے۔