اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس سمیت 8 ججز کو پاؤڈر سے بھرے دھمکی آمیز خطوط موصول ہوئے ہیں جس پر پولیس نے ماہرین کو طلب کرلیا۔
مشکوک خطوط میں سے ایک کھولا گیا تو اس میں سے پاؤڈر برآمد ہوا، پولیس جانچنے کی کوشش کر رہی ہے کہ یہ پاؤڈر کیا تھا۔
عدالتی ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججوں کو ایک خاتون کی طرف سے خطوط موصول ہوئے۔ خط ریشم زوجہ وقار حسین نامی خاتون نے بھیجے تھے۔ دو ججوں کے اسٹاف نےخطوط کھولے تو ان میں پاؤڈر تھا۔
خط میں ڈرانے دھماکے کے لیے مشکوک نشان بھی موجود تھا۔اسلام آباد پولیس کے ماہرین کی ایک ٹیم اسلام آباد پہنچ گئی۔ پاؤڈر کیا تھا اس کی چانچ کی جا رہی ہے۔اطلاعات کے مطابق خطوط ٹائپ شدہ ہیں، ان پر بھیجنے والے کا کوئی پتہ موجود نہیں۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائی کورٹ جسٹس عامر فاروق نے خط ملنے کی تصدیق کردی اور کہا ہے کہ ہمیں خط موصول ہوئے ہیں، آج کی سماعت میں تاخیر کی ایک وجہ یہی تھی، بنیادی طور پر ہائیکورٹ کو تھریٹ کیا گیا ہے۔
ذرائع کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے آئی جی اسلام آباد پولیس اور ڈی آئی جی سیکیورٹی کو فوری طور پر طلب کرلیا۔
یاد رہے کہ 2001 میں امریکا میں سینیٹرز اور میڈیا ہاؤسز کو انتھراکس پاؤڈر سے بھرے خطوط بھیجے گئے تھے جس کے نتیجے میں پڑے پیمانے پر خوف و ہراس پھیل گیا تھا۔