قائد حزب اختلاف کے لیے عمر ایوب کا نام اپوزیشن کی طرف سے جمع کروایا گیا تھا۔ فائل فوٹو
قائد حزب اختلاف کے لیے عمر ایوب کا نام اپوزیشن کی طرف سے جمع کروایا گیا تھا۔ فائل فوٹو

عمر ایوب قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مقرر، چیمبر سنبھال لیا

اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عمر ایوب کو اپوزیشن لیڈر مقرر کر دیا، جس کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جبکہ عمر ایوب نے کہا کہ حکومت غلط پالیسی پرتنقید کریں گے اوران کا احتساب کریں گے۔

قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف کے تقرر کا مرحلہ مکمل ہو گیا، صرف عمر ایوب نے درخواست جمع کرائی، اسپیکر آفس کی جانب سے بلانے پرعمر ایوب نے پارٹی رہنما بیرسٹر گوہر اور عامر ڈوگر سمیت اسپیکر قومی اسبلی سردار ایاز صادق سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران اسپیکر ایاز صادق نے نامزد امیدوار عمر ایوب کی درخواست کی تصدیق کا عمل مکمل کیا۔

قائد حزب اختلاف کے لیے عمر ایوب کا نام اپوزیشن کی طرف سے جمع کروایا گیا تھا۔ اسپیکر نے قومی اسمبلی کے رولز آف پروسیجر اینڈ کنڈکٹ آف بزنس کے رول 39 کے تحت اسکروٹنی کا عمل مکمل ہونے کے بعد عمر ایوب کو قائد حزب اختلاف ڈیکلیئر کر دیا، جس کے بعد عمر ایوب قومی اسمبلی میں آزاد ارکان کے اپوزیشن لیڈر ہوں گے۔

عمر ایوب کے قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف مقرر ہونے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔نومنتخب اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے چیمبر سنبھال لیا، جس کے بعد انہوں نے دعا بھی کروائی۔

اپوزیشن چیمبر پہنچنے پرعمر ایوب کو پھول پیش کیے گئے، عمر ایوب سولہویں قومی اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر ہیں۔اپوزیشن چیمبر کا چارج سنبھالنے کے بعد پارٹی ایم این ایز نے عمر ایوب کو مبارک باد دی۔