کراچی (اُمت نیوز) متحدہ عرب امارات کی جانب سے پاکستان میں طلبہ کیلئے قرضے اور دیگر سہولیات متعارف کرانے کا اعلان کر دیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل کی جانب سے کراچی یونیورسٹی کے سینئر اساتذہ کے اعزاز میں افطار پارٹی کا اہتمام کیا گیا، مہمانوں کی تواضع یو اے ای کے روایتی کھانوں سے کی گئی، افطار پارٹی میں قونصل جنرل کے صاحبزادوں نے ذاتی دلچسپی لی۔
تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے متحدہ عرب امارات کے قونصل جنرل بخیت عتیق الرومیتی نے کہا ہے کہ دعوت کا مقصد پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم کرنا ہے۔
بخیت عتیق الرومیتی نے مزید کہا ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کر رہا ہے، ہم تعلیم کے میدان میں طلبہ کیلئے لون اور دیگر سہولیات بھی متعارف کروائیں گے۔