اسلام آباد(اُمت نیوز)شوال المکرم 1445 ہجری کا چاند نظر آگیا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں عیدالفطر کل 10 اپریل بروز بدھ منائی جائے گی۔
چاند دیکھنے کےلیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں جبکہ زونل کمیٹیوں کے اجلاس پشاور، لاہور، کراچی اور کوئٹہ میں ہوئے، جہاں انہیں ملک کے مختلف حصوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں۔
چاند کی رویت کا حتمی اعلان چیئرمین رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔
رویت ہلال کمیٹی اجلاس وزارت مذہبی امور کوہسار کمپلیکس کی عمارت میں ہورہا ہے۔ مرکزی اجلاس کی صدارت چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کررہے ہیں جبکہ رویت ہلال کمیٹی ممبران، محکمہ موسمیات، سپارکو اور سائنس اینڈ ٹیکنالوجی حکام بھی اجلاس میں شریک ہیں۔
کراچی زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس مولانا محمد سلفی کی زیر صدارت محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا، اجلاس میں اراکین کمیٹی، محکمہ موسمیات کے نمائندوں سمیت دیگر افراد شریک ہوئے۔
زونل کمیٹی کراچی کے اجلاس میں عید کے چاند کی شہادتوں کا جائزہ لیا گیا۔
زونل کمیٹی کے مطابق کراچی سے چاند نظر آنے کی کئی شہادتیں موصول ہوئی ہیں، تاہم چاند کی رویت سے متعلق حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
رکن زونل رویت ہلال کمیٹی مولانا محمد سلفی کا کہنا تھا کہ اب تک چاند نظر نہیں آیا، چاند کی شہادتوں کی اطلاعات ہیں، حتمی فیصلہ اسلام آباد سے ہوگا۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جیسے ہی چاند نظر آیا مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو آگاہ کردیں گے۔
زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کا اجلاس ختم ہوگیا، ڈی جی اوقات کا کہنا ہے کہ لاہور سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ چاند کی رویت، عدم رویت سے متعلق مرکزی کمیٹی کو آگاہ کردیا ہے، چاند کی رویت کا حتمی اعلان مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔
کوئٹہ میں زونل رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی کے ارکان اور محکمہ موسمیات کے نمائندے شریک ہوئے۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مولانا انوار الحق حقانی کا کہنا تھا کہ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں رابطہ کیا۔ بلوچستان کے کسی حصے سے چاند نظر آنے کی مصدقہ اطلاع نہیں ملی۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں مطلع ابر آلود ہے۔
کوئٹہ میں مطلع ابر آلود ہونے کی وجہ سے چاند نظر نہیں آیا۔ رکنی کمیٹی کا کہنا تھا کہ زونل رویت ہلال کمیٹی کو چاند کی کوئی شہادت موصول نہیں ہوئی۔
محکمہ موسمیات نے کہا تھا کہ کوئٹہ میں مطلع ابرآلود ہونے کے باعث چاند نظر آنے کا امکان کم ہے، بلوچستان کے جنوبی اور ساحلی علاقوں میں چاند نظر آنے کے امکانات زیادہ ہیں۔
پشاور میں زونل کمیٹی کا اجلاس اوقاف ہال میں چیئرمین قاری عبدالرؤف مدنی کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کی جانب سے صوبے کے مختلف اضلاع سے شہادتیں وصول کی جارہی ہیں۔
محکمہ موسمیات کا کہنا تھا کہ پاکستان میں آج شوال کا چاند نظر آنے کا قوی امکان ہے کیونکہ ملک کے بیشتر حصوں میں مطلع صاف ہے اور غروب آفتاب کے بعد چاند افق پر 50 منٹ تک موجود رہے گا۔
ماہرین کے مطابق چاند کی عمر انسانی آنکھ سے دکھائی دینے کےلیے پوری ہوگی کیونکہ مغرب کے وقت چاند کی عمر تقریباً 20 گھنٹے ہوگی۔
شوال کے چاند کا باضابطہ اعلان چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی عبدالخبیر آزاد کریں گے۔