اسلام آباد (اُمت نیوز) وزیر اعظم شہباز شریف نے ترکیہ، متحدہ عرب امارات کے صدور، قطر کے وزیر اعظم اور اومان کے سلطان سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں عید الفطر کی مبارکباد دی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف اور ترک صدر رجب طیب اردوان کے درمیان ٹیلیفونک گفتگو کے دوران عید الفطر کی مبارکباد دینے کے ساتھ پاکستان اور ترک عوام کیلئے امن، خوشحالی اور اتحاد کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا، دونوں سربراہوں نے فلسطین میں قیام امن پر زور دیا۔
شہباز شریف نے کہا کہ دونوں ملکوں میں گہرے اور تاریخی تعلقات ہیں، بنیادی قومی مفادات پر ایک دوسرے کی بھرپور حمایت جاری رکھیں گے، وزیر اعظم نے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے عزم کا اعادہ کیا اور صدر اردوان کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی۔
یہ بھی پڑھیں: عید بھائی چارے، سخاوت اور امن و خوشحالی کیلئے رنجشیں بھلانے کا نام ہے: وزیراعظم
وزیر اعظم نے اپنے قطری ہم منصب شیخ محمد بن عبدالرحمان بن جاسم الثانی سے بھی ٹیلیفونک رابطہ کیا اور عید کی مبارکباد دی، وزیر اعظم نے قطر کے ساتھ پاکستان کے قریبی تعلقات رکھنے کے عزم کو دہراتے ہوئے کہا کہ پاکستان قطر کیساتھ ہر شعبہ میں تعاون بڑھانا چاہتا ہے، قطر کیساتھ معاشی و تجارتی تعلقات کا فروغ چاہتے ہیں، قطری وزیر اعظم نے دورہ پاکستان کی دعوت قبول کرلی۔
علاقہ ازیں وزیرِ اعظم شہباز شریف نے اومان کے سلطان حاتم بن طارق اور متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان کو بھی فون کیا اور عید الفطر کی مبارکباد دی۔
شہباز شریف نے پاک اومان ادارہ جاتی اور اقتصادی روابط کے فروغ و مضبوطی کی اہمیت پر بھی زور دیا، وزیر اعظم نے امت مسلمہ کے مابین اتحاد و بھائی چارے کے فروغ کے ساتھ ساتھ اسرائیل کی جانب سے نہتے فلسطینی بہن بھائیوں پر جاری ظلم و جبر کے خاتمے کی دعا کی، سلطان حاتم بن طارق نے وزیر اعظم کو عید کی مبارکباد پیش کی اور پاکستان کے عوام کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا