امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جانب سے پاکستانیوں کو عید کی مبارکباد

 

اسلام آباد (اُمت نیوز) پاکستان میں موجود امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کی جانب سے پاکستانیوں کو عیدالفطر کی مبارکباد دی گئی ہے۔

امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم نے عید کا پیغام جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں امریکی مشن اور امریکی عوام کی جانب سے آپ سب کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، پاکستان میں اپنے قیام اور خصوصی طور پر رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں پاکستانی عوام کی مہمان نوازی کا قائل ہو گیا ہوں، امید کرتا ہوں کہ دونوں ممالک کے درمیان رشتے مزید مضبوط ہوں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان، سعودی عرب، خلیجی ممالک، یورپ، امریکا اور آسٹریلیا میں شوال کا چاند نظر آنے کے بعد آج عید منائی جائے گی جبکہ بنگلہ دیش اور بھارت میں کل عید ہو گی۔

پاکستان میں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا جس کی صدارت چیئرمین عبدالخبیر آزاد نے کی، اجلاس میں مرکزی اور زونل کمیٹی اسلام آباد کے ممبران، محکمہ موسمیات، سپارکو اور آئی ٹی ماہرین شریک ہوئے۔

مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو کراچی، خیبر، کوہلو، لورالائی، جیونی، شیخوپورہ، اوکاڑہ، سرائے عالمگیر اور ملک کے دیگر علاقوں سے چاند نظر آنے کی شہادتیں موصول ہوئیں، مردان سے چاند دیکھنے کی 6 اور کراچی سے 4 شہادتیں ملیں جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے شوال کا چاند نظر آنے پر آج بروز بدھ کو پاکستان بھر میں عیدالفطر منانے کا اعلان کر دیا۔

چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے میڈیا سے گفتگو میں چاند نظر آنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان بھر سے شہادتیں موصول ہوئی ہیں، اتفاق رائے سے طے پایا ہے کہ 10 اپریل 2024ء بروز بدھ کو عیدالفطر ہو گی۔

مولانا عبدالخبیر آزاد نے عیدالفطر کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ زونل کمیٹیوں اور ذمہ داروں نے تمام شہادتوں کو دیکھا اور پھر اس کے بعد فیصلہ ہمیں پہنچایا جو میں نے آپ کے سامنے رکھا ہے، اللہ نے ایک عید پرعالم اسلام کو اکٹھا کر دیا ہے، آج کی رات بڑی مبارک رات ہے، پاکستان اللہ کی نعمت ہے، عوام، افواج سمیت سب نے ملکر آگے بڑھنا ہے۔

دوسری جانب سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں شوال کا چاند نظر آگیا جس کے بعد آج عید الفطر منائی جائے گی، انگلینڈ سمیت یورپ، امریکا، آسٹریلیا میں بھی آج عید ہو گی، مقبوضہ جموں و کشمیر میں پاکستان کے ساتھ عید الفطر منانے کا اعلان کردیا گیا، مفتی ناصرالاسلام کہا کہ پاکستان میں چاند نظر آنے کے بعد 10 اپریل بروز بدھ کو مقبوضہ جموں و کشمیر میں عید منائی جائے گی۔

ادھر بھارت اور بنگلا دیش میں شوال کا چاند نظر نہیں آیا، دونوں ممالک میں آج 30 واں روزہ ہو گا جبکہ عیدالفطر جمعرات کو منائی جائے گی، بنگلہ دیشی میڈیا کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو ملک بھر سے چاند نظر آنے کی شہادت موصول نہیں ہوئی جس کے بعد مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے عیدالفطر 11 اپریل بروز جمعرات کو منانے کا اعلان کر دیا۔

بھارت کے شہر لکھنؤ، دہلی اور کیرالہ میں چاند دیکھنے کا اہتمام کیا گیا، مقامی کمیٹیوں نے چاند نظر نہ آنے پر کل یکم شوال ہونے کا اعلان کیا، متنازع علاقے کارگل کی مقامی کمیٹی نے اعلان کیا کہ چاند نظر آگیا اور آج 10 اپریل بروز بدھ کو عید منائی جائے گی۔