نائب کپتان کی دوڑ میں محمد رضوان سب سے آگے

 

کراچی(اُمت نیوز) قومی ٹیم کے نائب کپتان کی دوڑ میں محمدرضوان سب سے آگے ہیں۔

گزشتہ روز ٹی ٹوئنٹی اسکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے سلیکٹرز نے نائب کپتان کا اعلان نہیں کیا،اس حوالے سے مشاورت جاری رہنے کا بتایا گیا، اسی کے ساتھ وہاب ریاض نے یہ بھی عندیہ دیا کہ نیوزی لینڈ سے سیریز میں کام کا بوجھ دیکھتے ہوئے کپتان کو بھی کسی میچ میں آرام دیا جا سکتا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ محمد رضوان نائب کپتان کی پوسٹ سنبھالنے کیلیے فیورٹ ہیں، وہ کاکول کیمپ کے اختتامی دنوں میں عمرے کی ادائیگی کیلیے سعودی عرب چلے گئے تھے، رضوان کی زیرقیادت ملتان سلطانز کی ٹیم نے رواں سال پی ایس ایل کا فائنل کھیلا، بورڈ میں ایک رائے شاداب خان کو ذمہ داری سونپنے کی بھی پائی جاتی ہے، وہ ماضی میں نائب کپتان رہ چکے، بابر اعظم کی عدم موجودگی میں قیادت بھی سنبھالی تھی، شاداب نے رواں برس اسلام آباد یونائیٹڈ کو سپر لیگ چیمپئن بنوایا، اس حوالے سے فیصلہ عید کے بعد کر لیا جائے گا۔

دوسری جانب عماد وسیم اور محمد عامر کی واپسی سے بابر اعظم کیلیے قیادت ماضی کی طرح آسان نہیں ہو گی، دونوں کے کپتان سے تعلقات مثالی نہیں ہیں،اسی طرح گوکہ وہاب ریاض نے ٹیم میں ’’سب اچھا ہے‘‘ کی رپورٹ دی مگر ایک سے زائد کرکٹرز کا یہی کہنا ہے کہ شاہین شاہ آفریدی پی سی بی کے رویے سے سخت ناخوش ہیں۔

بعض سلیکٹرز کی سوچ ہے کہ عامر سے شاہین کی کمی پوری کروائی جا سکتی ہے،اسی لیے پیسر کو دوران سیریز آرام کے نام پر باہر بھی بٹھایا جائے گا۔