لاہور (اُمت نیوز) پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف شہروں میں بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے شہر گوجرہ اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی ہے جبکہ جھنگ شہر اور گردونواح میں کالی گھٹائیں چھائی ہوئی ہیں اور ہلکی بارش سے موسم خوشگوار ہو گیا ہے۔
پختونخوا میں پاراچنار شہر اور ملحقہ علاقوں میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری ہوئی جبکہ کوئٹہ اور گردونواح میں بھی بادل خوب برسے اور وادی نیلم میں سیاحتی مقامات پر تیز آندھی کے ساتھ بارش ہوئی۔
افغانستان کے سرحدی ریگستان سے اٹھنے والا ریتلا طوفان پاکستانی علاقوں میں داخل ہوگیا جس کی وجہ سے چمن، قلعہ عبداللہ، پشین، گلستان، جنگل پیرعلیزئی، سرانان میں ریت کے طوفان سے کئی علاقوں میں درخت اکھڑ گئے، کچی دیواریں، سولرپینلز گر گئے۔
دوسری جانب ریتلے طوفان کی وجہ سے چمن، قلعہ عبداللہ اور پشین کے اضلاع میں ہائی الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے مطابق آج جنوبی پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، گلگت بلتستان اور کشمیر میں آندھی اور جھکڑ چلنے کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش اور ژالہ باری بھی ہو سکتی ہے۔
اس کے علاوہ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں بھی آج اور کل بادل برسنے کا امکان ہے۔