پشین (اُمت نیوز) اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے پہلے جلسے کے اعلان کے بعد ضلعی انتظامیہ نے پشین میں دفعہ 144 نافذ کر دی۔
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے پشین میں باقاعدہ طور پر دفعہ 144 کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا جس کے مطابق امن و امان کی صورتحال کے پیش نظر پشین میں دفعہ 144 نافذ کی گئی ہے۔
ڈپٹی کمشنر پشین کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق دفعہ 144 کے نفاذ کے بعد شہر میں 5 سے زائد افراد کے جمع ہونے پر پابندی ہو گی، مین شاہراہوں اور سڑکوں کو بند کرنے کی اجازت نہیں ہو گی۔
گزشتہ روز سردار اختر مینگل کی میزبانی میں 6 جماعتی اپوزیشن اتحاد کا اجلاس ہوا جس میں اہم فیصلے کیے گئے، اپوزیشن جماعتوں نے محمود خان اچکزئی کو مشترکہ تحریک کا صدر نامزد کر دیا۔
اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران اپوزیشن جماعتوں نے انتخابی مبینہ دھاندلیوں کیخلاف حکومت مخالف محاذ اور تحفظ آئین پاکستان کے نام سے تحریک شروع اور آج جلسہ کرنے کا اعلان کیا۔
پشین میں دفعہ 144 نافذ کرنے کے بعد پی ٹی آئی اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کا آج ہونے والا جلسہ متاثر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔