تل ابیب+تہران: اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے داغے گئے 99 فیصد ڈرون اور میزائلوں کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
اسرائیلی وزیرِ دفاع کا کہنا ہے کہ ایران نے 300 سے زائد پروجیکٹائل اسرائیل کی طرف داغے، بیلسٹک میزائلوں کی معمولی تعداد اسرائیلی سر زمین تک پہنچ سکی۔
ایران کا سوئس سفارتخانے کے ذریعے امریکا کو پیغام
تہران: ایران نے سوئس سفارت خانے کے ذریعے امریکا کو پیغام بھیج دیا۔
چیف آف اسٹاف ایرانی مسلح افواج نے کہا ہے کہ امریکا کو سوئس سفارتخانے کے ذریعے پیغام بھیجا ہے، جس میں کہا ہے کہ ایران کے نقطۂ نگاہ سے اسرائیل کے خلاف فوجی آپریشن ختم ہو گیا۔
ایرانی چیف آف اسٹاف کا کہنا ہے کہ ایران کی مسلح افواج ہائی الرٹ ہیں، ضرورت پر ایکشن کے لیے تیار ہیں۔
ایران نے وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ اگلے ممکنہ اقدام میں امریکا نے اسرائیل کا ساتھ دیا تو اس سے نمٹا جائے گا، امریکی اڈوں کی کوئی سلامتی نہیں رہے گی۔
اسرائیل فوج کے ترجمان نےکہا ہے کہ ایران نے 200 سے زائد ڈرونز اور میزائل داغے، ایرانی حملوں میں 1 لڑکی زخمی اور ایک فوجی تنصیب کو معمولی نقصان پہنچا ہے۔
امریکی سیکیورٹی ذرائع نے اردن کی سرحد پر متعدد ایرانی ڈرونز کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔اردن کے جیٹ طیاروں نے بھی شمالی اور وسطی اردن سے اسرائیل کی طرف جاتے درجنوں ایرانی ڈرونز مار گرائے۔
ادھر برطانیہ نے بھی کئی جنگی اور ری فیولنگ ٹینکر طیارے خطے میں بھیج دیے، برطانوی حکومت کے مطابق طیاروں کو فضائی حملے روکنے کے لیے بھیجا گیا ہے۔