راولپنڈی:آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے اعلیٰ عسکری حکام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ملک میں کسی بھی جگہ سے دہشتگردوں کو فعال ہونے نہ دیں۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت 264ویں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔ اس موقع پر آرمی چیف نے کمانڈرز کو ہدایت کی کہ دہشتگردوں کو کسی بھی جگہ سے فعال نہ ہونے دیں۔
آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت 264ویں کور کمانڈر ز کانفرنس میں شرکاء نے مسلح افواج کے افسران، جوانوں اور شہریوں سمیت شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا۔شرکا کا کہنا تھا کہ شہداء نے ملک میں امن و استحکام کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔
کور کمانڈر کانفرنس کے دوران آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے انسدادِ دہشتگردی کے خلاف جاری پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک کوششوں کو سراہا۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو پوری قوم کی حمایت حاصل ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلح افواج پاکستان سے دہشت گردی کے خطرے کو مستقل ختم کرنے کےلیے پُرعزم ہیں۔
کور کمانڈرز کانفرنس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ افغانستان سے سرگرم دہشت گرد گروہ علاقائی اور عالمی سلامتی کےلیے خطرہ ہیں۔ یہ دہشت گرد گروہ پاکستان اور اس کے اقتصادی مفادات کے خلاف بطور پراکسی کام کر رہے ہیں۔
فورم کو بریفنگ دی گئی اور بتایا گیا کہ یہ دہشت گرد گروہ بالخصوص پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے خلاف پراکسی کے طور پر کام کر رہے ہیں۔
فورم نے مسلح افواج کے خلاف مبنی پروپیگنڈا مہم پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور کہا کہ اداروں اور سیکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات ایک وطیرہ بن چکا ہے، ان الزامات کا مقصد عوام اور مسلح افواج کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوشش ہے۔
شرکاء کا کہنا تھا کہ ہم ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سازشی عناصرکے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
کور کمانڈرز نے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بھارتی جارحیت پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ فورم کا کہنا تھا کہ پاکستان اپنے کشمیری بہن بھائیوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔کور کمانڈرز کانفرنس نے فلسطینی عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔
فورم نے غزہ میں جنگی جرائم اور نسل کشی کی بھی مذمت کی جبکہ مشرقِ وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی پر بھی اظہار تشویش کیا۔ کمانڈرز کا کہنا ہے کہ مشرق وسطی میں اگر فریقین نے کشیدگی فوری کم نہ کی تو ایک وسیع علاقائی تنازع جنم لے سکتا ہے۔فورم نے مسلح افواج کی حوصلہ شکنی کےلیے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈا مہم پر تشویش کا اظہار کیا۔