اقوام متحدہ میں فلسطین کی مستقل رکنیت کیلئے ووٹنگ آج ہوگی

 

نیویارک (اُمت نیوز ) اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کو مکمل ریاست کی رکنیت دینے کی درخواست پر آج (18 اپریل کو) ووٹنگ ہوگی۔

خبر رساں ادارے کے مطابق 15 رکنی سلامتی کونسل آج (18 اپریل ) دوپہر 3 بجے ووٹ ڈالے گی جس میں 193 رکنی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کو سفارش کی گئی ہے کہ ریاست فلسطین کو اقوام متحدہ کی رکنیت میں داخل کیا جائے۔

کونسل کی قرارداد منظور کرنے کیلئے اس کے حق میں کم از کم 9 ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے اور امریکا، برطانیہ، فرانس، روس یا چین کی طرف سے کوئی ویٹو نہیں ہوتا ہے۔

سفارت کاروں کا خیال ہے کہ اس اقدام کو کونسل کے 13 ارکان کی حمایت حاصل ہو سکتی ہے، جس کا مطلب یہ ہو گا کہ امریکا کو اپنا ویٹو پاور استعمال کرنا پڑے گا۔

کونسل کے رکن ملک الجزائر نے درخواست کی تھی کہ اس پر جمعرات کی سہ پہر مشرق وسطیٰ پر سلامتی کونسل کے اس اجلاس کے موقع پر ووٹنگ کی جائے، جس میں متعدد وزراء شرکت کریں گے۔

اس حوالے سے امریکا کا کہنا ہے کہ آزاد فلسطینی ریاست کا قیام اقوام متحدہ میں نہیں بلکہ فریقین کے درمیان براہ راست مذاکرات کے ذریعے ہونا چاہیے ۔

یاد رہے کہ خیال رہے کہ فلسطینی اتھارٹی کو 2012 سے اقوامِ متحدہ میں غیر رکن مبصر کا درجہ تو حاصل ہے لیکن رکنیت نہیں دی گئی، سلامتی کونسل کے 193 میں سے 140 رکن ممالک فلسطین کو تسلیم کرچکے ہیں۔

تاہم اقوام متحدہ کا ایک مکمل رکن بننےکی درخواست کو سلامتی کونسل سے منظوری کے بعد جنرل اسمبلی میں کم از کم دو تہائی ووٹوں سے منظوری درکار ہے۔