وزیرخزانہ محمد اورنگزیب کی امریکی محکمہ خارجہ کے عہدیداران سے ملاقات

 

واشنگٹن (اُمت نیوز) وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی امریکا کے جنوبی و وسطی ایشیائی امور کے معاون وزیرِ خارجہ ڈونلڈ لو اور امریکی محکمہ خارجہ کی پرنسپل ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری الزبتھ ہورسٹ سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات ورلڈ بینک ہیڈکوارٹر میں ہوئی جہاں وزیر خزانہ نے امریکی عہدیداران کو پاکستان کے اصلاحاتی ایجنڈے پر بریفنگ دی، ملاقات میں پاک امریکا تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کیلئے واشنگٹن کے عزم کا اعادہ کیا۔

اس موقع پر متبادل توانائی، زراعت، آب وہوا اور ٹیک انڈسٹری کے معاملات پر بھی گفتگو ہوئی۔

محمد اورنگزیب نے کہا کہ ٹیکس کی بنیاد کو وسیع، توانائی کے شعبے کو ہموار اور نجکاری ترجیح ہے، وزیرخزانہ نے پاک امریکا اقتصادی شراکت داری کو اپ گریڈ کرنے پر بھی زور دیا۔

وزیرخزانہ نے آئی ٹی، زراعت اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقعوں پر بھی گفتگو کی۔

ملاقات کے دوران یو ایس انٹرنیشنل ڈویلپمنٹ فنانس کارپوریشن اور ایگزم بینک کے ساتھ مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا گیا، آئی ایم ایف کیساتھ نئے قرض پروگرام کیلئے تعاون کی بھی درخواست کی گئی۔

علاوہ ازیں وزیر خزانہ محمداورنگزیب کی پاکستان سٹاف ایسوسی ایشن آف ورلڈ بینک اور آئی ایم ایف سے بھی ملاقات ہوئی، وزیر خزانہ نے ایسوسی ایشن کو حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کے بارے میں آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران ٹیکس بنیاد وسیع، توانائی شعبے میں اصلاحات، نجکاری، ڈیجیٹلائزیشن، پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ پر بات چیت ہوئی۔

وزیر خزانہ کا کہنا تھا کہ معیشت کی بحالی اور پائیدار کیلئے مالیاتی نظم و ضبط پر سختی سے عمل پیرا ہیں۔