جنوبی کوریا(اُمت نیوز)مشہور پوپ سنگر،اداکار اور یو ٹیوبر ’داؤد کم ‘نے جنوبی کوریا میں مسجد بنانے کا اعلان کردیا، ساتھ ہی ہر گلی میں اذان کی آوازگونجنے تک جدوجہد کرنے کا دعویٰ کر دیا ۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی کوریا سے تعلق رکھنے والے عالمی شہرت یافتہ سنگر اور یوٹیوبر ’داؤد کم ‘نے سوشل میڈیا پر جنوبی کوریا کے شہر ’ان شن ‘میں مسجد بنانے کا اعلان کیا ہے ،داؤد کم نے سوشل میڈیا پر مسجد کی تعمیر کے لیے خریدی گئی زمین اور اس کے معاہدے کی تصاویر شئیر کرتے ہوئے لکھا کہ آخر کار آپ کی مدد سے مسجد کی تعمیر کا معاہدہ کرلیا، اس زمین پر اب جلد ایک مسجد بن جائے گی مجھے یقین نہیں آرہا، اس سلسلے میں بہت سی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا لیکن مجھے یقین تھا کہ میں یہ کام کرلوں گا۔
پوپ سنگر ’داؤد کم ‘کا مزید کہنا تھا کہ مسجد کے ساتھ کورین شہریوں کو دین کی دعوت دینے کے لیے اسلامک پوڈ کاسٹ سٹوڈیو بھی بنایا جائے گا، جنوبی کوریا کی ہر گلی میں اذان کی خوبصورت آواز گونجنے تک میں جدوجہد کرتا رہوں گا،جنوبی کورین سنگر نے 2019 میں اسلام قبول کیا تھا اور متعدد بار اپنی سوشل میڈیا پوسٹس میں مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں حاضری کی خواہش کا اظہار کیا تھا، داؤد کم نے 2022 میں رمضان المبارک کے دوران عمرے کی سعادت حاصل کی تھی۔