دھماکے کے بعد دہشتگردوں نے ہائی ایس پر اندھا دھند فائرنگ کی، فائل فوٹو
دھماکے کے بعد دہشتگردوں نے ہائی ایس پر اندھا دھند فائرنگ کی، فائل فوٹو

غیر ملکیوں کی گاڑی پر حملہ،سکیورٹی گارڈ نے آنکھوں دیکھا احوال بتا دیا

کراچی: لانڈھی میں جمعہ کی صبح دہشت گردوں نے غیر ملکیوں کی گاڑی پر خود کش حملہ کیا، واقعے کے عینی شاہد سیکیورٹی گارڈ نے آنکھوں دیکھا احوال بتایا۔

واقعہ کے ایک عینی شاہد گارڈ نے بتایا کہ ہم 3 گاڑیوں میں زم زمہ سے نکلے تھے، لانڈھی مانسہرہ کالونی کے قریب زوردار دھماکا ہوا۔

گارڈ نے بتایا کہ دھماکے کے بعد دہشتگردوں نے ہائی ایس پر اندھا دھند فائرنگ کی۔

سکیورٹی گارڈ نے بتایا کہ سب سے آگے سیکیورٹی کی ہماری گاڑی تھی، پیچھے ہائی ایس میں چار غیر ملکیوں سمیت دیگر افراد بیٹھے تھے۔ اس کے پیچھے تیسری گاڑی فور چونر میں بھی غیر ملکی تھے۔

گارڈ نے بتایا کہ گزرتے ہوئے اچانک ایک دھماکہ ہوا، ہم نے خود کو سنبھالا اور غیر ملکیوں کو تحفظ دیا، فورچونر گاڑی کو پیچھے دھکیل کر محفوظ کیا۔

واقعہ کے عینی شاہد نے مزید بتایا کہ ہم نے دہشت گردوں کو انگیج کیا، اس دوران پولیس بھی موقع پر پہنچی اور ایک دہشت گرد کو مار گرایا۔

کراچی لانڈھی مانسہرہ کالونی میں غیر ملکیوں کی گاڑی پر خودکش حملہ کرنے والے دہشت گردوں کی سی سی ٹی وی سامنے آگئی۔

فوٹیج میں پولیس اہلکار کو دہشت گرد پر فائرنگ کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔پولیس اہلکاروں نے مقابلے کے بعد ایک دہشت گرد کو ہلاک کردیا تھا۔

اس کے علاوہ ایک اور فوٹیج منظر عام پر آئی، جس میں دھماکے کے بعد غیرملکیوں کو گاڑی سے اترتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

فوٹیج میں دیکھا جاسکتا ہے کہ گاڑی جیسے ہی پہنچی، خودکش حملہ آوروں نے گاڑی پر حملہ کیا۔

واضح رہے کہ جمعہ کی صبح لانڈھی مانسہرہ کالونی میں دہشت گردوں نے غیرملکیوں کی گاڑی کو نشانہ بنایا تھا تاہم خوش قسمتی سے غیرملکی شہری محفوظ رہے۔

اس دوران ایک دہشت گرد نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا تھا، جب کہ ایک دہشت گرد پولیس اور سیکیورٹی گارڈز کی جوابی فائرنگ کے دوران مارا گیا تھا۔