لاہور: ایرانی صدر کی آمد کے موقع پر کراچی کے بعد لاہور میں بھی کل عام تعطیل کا اعلان کردیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق چھٹی کا اطلاق صرف ڈسٹرکٹ لاہور پر ہو گا ،چیف سیکریٹری پنجاب کی منظوری سے سیکشن افسر نے نوٹیفکیشن جاری کیا۔
پنجاب سول سیکریٹریٹ سے منسلک محکموں میں تعطیل نہیں ہوگی،قبل ازیں کراچی میں بھی کل عام تعطیل کا اعلان کیا جا چکا ہے۔
کمشنر کراچی نے گزشتہ روز 23 اپریل کو شہر بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا تھا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کراچی ڈویژن میں تمام نجی و سرکاری دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے۔
اس حوالے سے رجسٹرارجامعہ کراچی نے کہا ہے کہ یونیورسٹی میں منگل 23 اپریل 2024 ء کو تعطیل رہے گی، تمام امتحانات ملتوی کردیے گئے ہیں۔
رجسٹرار جامعہ کراچی کے مطابق امتحانات کی نئی تاریخوں کا اعلان بعد میں کیاجائے گا۔
دوسری جانب پاک ایران دوستی کو مضبوط اور مستحکم کرنے کے سلسلے میں ایک اور اہم پیش رفت ہوئی ہے، اسلام آباد کی “الوینتھ ایونیو” کا نام “ایران ایونیو” رکھ دیا گیا۔
سی ڈی اے کی سمری پر وفاقی کا بینہ نے اس فیصلے کی منظوری دیدی ، سمری کی منظوری سرکولیشن کے ذ ریعے دی گئی۔