ایرانی صدر ابراہیم رئیسی آج لاہور اور کراچی کا دورہ کریں گے

لاہور ( اُمت نیوز) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوران آج دوسرے روز پہلے لاہور آئیں گے اور اس کے بعد کراچی پہنچیں گے۔

تفصیلات کے مطابق ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کی لاہور آمد پر وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز خیر مقدم کریں گی، ایرانی صدر مینار پاکستان، اقبال میوزیم، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے کا دورہ کریں گے، اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانہ کا اہتمام ہو گا۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کے بعد کراچی روانہ ہو جائیں گے، شہر قائد میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ ایرانی صدر کا استقبال کریں گے، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی میں مزار قائد پر حاضری دیں گے اور بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ لاہور اور کراچی کے موقع پر آج دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے، انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی معززین کی آمد کے پیش نظر سرکاری سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز آج بند رہیں گی، نجی دفاتر اور نجی تعلیمی ادارے بھی نہیں کھلیں گے، سرکاری دفاتر بھی آج بند رہیں گے۔

ایران کے صدر کی لاہور آمد کے سلسلے میں رنگ روڈ کو سکیورٹی کے پیش نظر آج صبح 6 بجے سے 3 بجے تک بند رکھا جائے گا، رنگ روڈ پر کسی قسم کی ٹریفک کی آمد و رفت کی اجازت نہیں ہو گی، لاہور سے آنے اور جانے والی ٹریفک کالا شاہ کاکو انٹرچینج کی طرف ڈائیورٹ ہو گی۔

دوسری جانب کراچی میں بھی ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی آمد پر سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی، ایران کے صدر شہر قائد پہنچنے کے بعد وزیر اعلیٰ اور گورنر سندھ سے ملاقاتیں کریں گے، اس موقع پر صوبائی وزرا و دیگر بھی موجود ہوں گے۔

کراچی شہر میں اعلیٰ سطح کے وفد کی نقل و حمل کے دوران شہریوں کی آسانی کیلئے پولیس نے ٹریفک پلان جاری کر دیا، سکیورٹی وجوہات پر کچھ سڑکیں عارضی طور پر بند رہیں گی، کلب روڈ پی آئی ڈی سی سے میٹروپول تک مکمل بند رہے گی۔

ڈاکٹر ضیا الدین روڈ اور سگنل سے پی آئی ڈی سی چوک تک مکمل بند ہو گا، سلطان آباد سے آنے والی ٹریفک ڈاکٹر ضیا الدین روڈ کھجور چوک سے ایوان صدر روڈ جائے گی، شارع فیصل سے سلطان آباد آنے والے کلب چوک سے بائیں جانب کا روڈ استعمال کر سکیں گے۔

شہری کلب چوک سے بائیں جانب سے کلفٹن برج اور بورٹ بیسن جا سکیں گے، میٹروپول سے فوارہ چوک اور ایوان صدر کی طرف بھی جایا جا سکے گا، شاہین کمپلیکس سے آنے والے کھجور چوک سے دائیں جانب ٹرن لیں گے، شہری ایوان صدر روڈ، میٹروپول، کلفٹن اور دیگر علاقوں کی جانب جا سکیں گے۔

ادھر ایرانی صدر کے دورہ پاکستان پر حکومت نے بڑا تحفہ دیتے ہوئے اسلام آباد میں نئی تعمیر ہونے والی سڑک کو پڑوسی ملک ایران کے نام سے منسوب کر دیا، کابینہ نے 21 اپریل کو وزارت داخلہ کی سمری کی منظوری دی، الیونتھ ایونیو سڑک کا نیا نام "ایران ایونیو” رکھا گیا ہے۔