ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوران لاہور پہنچ گئے

لاہور: (اُمت نیوز) ایرانی صدر ابراہیم رئیسی دورہ پاکستان کے دوران اسلام آباد سے لاہور پہنچ گئے۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے لاہور ایئرپورٹ پہنچنے پر ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کا استقبال کیا، صوبائی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری بھی ان کے ہمراہ تھیں۔

ایرانی صدر کے دورہ لاہور کی مناسبت سے شہر کی اہم شاہراہوں کو خیرمقدمی بینرز سے سجایا گیا ہے۔

دورہ لاہور کے دوران ایرانی صدر مینار پاکستان، اقبال میوزیم، بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے کا دورہ کریں گے، اس کے علاوہ وزیر اعلیٰ کی جانب سے گورنر ہاؤس میں ایرانی صدر کے اعزاز میں ظہرانے کا اہتمام ہوگا۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی گورنر پنجاب بلیغ الرحمان سے ملاقات کے بعد کراچی روانہ ہو جائیں گے، شہر قائد میں وزیر اعلیٰ مراد علی شاہ ایرانی صدر کا استقبال کریں گے، ایران کے صدر ابراہیم رئیسی کراچی میں مزار قائد پر حاضری دیں گے اور بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کریں گے۔

ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے دورہ لاہور اور کراچی کے موقع پر آج دونوں صوبائی دارالحکومتوں میں مقامی تعطیل ہے۔

انتظامیہ کی جانب سے نوٹیفکیشن کے مطابق غیر ملکی معززین کی آمد کے پیش نظر سرکاری و نجی سکولز، کالجز اور یونیورسٹیز آج بند رہیں گی، سرکاری اور نجی دفاتر بھی نہیں کھلیں گے۔