کراچی: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی وفد کے ہمراہ خصوصی طیارے سے کراچی پہنچ گئے، مزار قائد پر حاضری دی،کراچی آمد پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے ایرانی صدر کا استقبال کیا۔
ایرانی صدرکا استقبال کرنے والوں میں آصفہ بھٹو، صوبائی وزراء عذرا پیچوہو، شرجیل انعام میمن اور ناصر حسین شاہ ، سعید غنی ، سردار شاھ بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ایرانی صدر وہاں سے گورنر ہاؤس پہنچے۔
گورنر ہاؤس سے ایرانی صدر مزار قائد پہنچے، جہاں پرانہیں پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی، انہوں نے مزار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات قلم بند کیے۔
ایرانی صدر کو خوش آمدید کہنے کےلیے شارع فیصل پر وزیراعظم اور صدرِ پاکستان کی جانب سے بینرز آویزاں کیے گئے ہیں۔مختلف علاقوں میں موبائل فون سروس جزوی طور پر متاثر رہی۔
ٹریفک پلان میں شامل کچھ سڑکوں کو بند کردیا گیا اور پولیس کی نفری مختلف مقامات پر موجود رہی۔ایم اے جناح روڈ کو گرومندر سے بند کردیا گیا ہے۔ ایم اے جناح روڈ سے صدر کی طرف جانے والے روڈ پر کنٹینر لگادیے گئے ۔ایم اے جناح روڈ کی طرف جانے والی دیگر سڑکوں اور گلیوں میں بھی کنٹینر رکھ دیے گئے۔
دوسری طرف ڈی آئی جی ٹریفک احمد نواز چیمہ نے کہا ہے کہ شہر میں سڑکوں کو شام 7 بجے تک بند رکھا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ شہریوں کو اپنی منزلوں پر پہنچنے میں ہونےوالی تکلیف کےلیے ٹریفک پولیس معذرت خواہ ہے۔
دورہ کراچی کے دوران ابراہیم رئیسی بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے مزار پر حاضری دیں گے، انہیں جامعہ کراچی کی جانب سے گورنر ہاؤس میں ڈاکٹریٹ کی اعزازی ڈگری دی جائے گی۔
وہ بزنس فورم کے شرکا سے ملاقاتیں اور وزیراعلیٰ ہاؤس میں عشائیے میں شرکت کریں گے۔