ریاض (اُمت نیوز ) سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے غزہ کی پٹی میں اسرائیلی قابض افواج کی جانب سے بغیر کسی روک ٹوک کے گھناؤنے جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔
عرب میڈیا رپورٹ کے مطابق ان جنگی جرائم میں تازہ ترین جنوبی شہر خان یونس کے ناصر میڈیکل کمپلیکس میں اجتماعی قبروں کی دریافت سے سامنے آیا ہے۔
اس طرح وزارت خارجہ اس بات کی توثیق کرتی ہے کہ بین الاقوامی برادری کی جانب سے اسرائیلی قابض ریاست کی بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزیوں کے حوالے سے جوابدہی کے طریقہ کار کو فعال کرنے میں ناکامی کے نتیجے میں انسانی المیوں اور تباہی میں مزید خلاف ورزیاں اور اضافہ ہوگا۔
وزارت خارجہ نے سعودی عرب کے اس مطالبے کی تجدید کی کہ عالمی برادری غزہ کی پٹی میں شہریوں پر اسرائیلی قابض ریاست کے حملوں کو روکنے کے لیے اپنی ذمہ داری قبول کرے اور اس سے کیے گئے قتل عام کے لیے اسے جوابدہ ٹھہرائے۔
سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان نے عرب میڈیا کو دیے گئے بیانات میں اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب خطے کے ممالک کے استحکام اور سلامتی کے حوالے سے زیادہ پر امید ہے۔
وزیر خارجہ کے بیانات خلیج تعاون کونسل کے ممالک اور یورپی یونین کے درمیان سلامتی اور علاقائی تعاون پر لکسمبرگ میں اعلیٰ سطحی فورم کی افتتاحی تقریب میں شرکت کے موقع پر سامنے آئے