سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان ترقیاتی کاموں اور دیگر مسائل پر بات چیت ہوئی، فائل فوٹو
سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان ترقیاتی کاموں اور دیگر مسائل پر بات چیت ہوئی، فائل فوٹو

وزیر اعظم سے مراد علی شاہ کی ملاقات، فنڈز کا معاملہ اٹھا دیا

کراچی: وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر کراچی پہنچ گئے جہاں وزیراعظم نے مزار قائد پر حاضری دی۔

گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری اور وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیر اعظم کا استقبال کیا۔ وزیراعظم نے مزار قائد پر حاضری دی، پھولوں کی چادر چڑھائی، فاتحہ خوانی کی اور ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔

وزیراعظم نے مختلف شعبوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے نوجوانوں سے مزار قائد پر پاکستان کی خدمت کرنے اور ملک خداداد کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کا حلف لیا۔

اس موقع پر نوجوان لڑکے اور لڑکیوں نے عہد کیا کہ پاکستان کو صحیح معنوں میں قائد کا پاکستان بنائیں گے۔

مزار قائد پر حاضری کے بعد وزیراعلیٰ مراد علی شاہ کا وزیراعظم کے ساتھ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ون ٹو ون اجلاس ہوا جس میں مراد علی شاہ نے وزیر اعظم سے سندھ اور وفاقی حکومت کے درمیان ترقیاتی کاموں اور دیگر مسائل پر بات چیت ہوئی۔

وزیراعلیٰ سندھ  نے وزیراعظم کے ساتھ ڈائریکٹ کٹوتیوں کے بعد فنڈز کی واپسی نہ ہونے پر بھی بات کی جس پر وزیراعظم  نے مراد علی شاہ کو تمام مسائل مل بیٹھ کر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ وزیراعظم نے کہا کہ ہم مل جل کر عوام کے مسائل ترجیحی  بنیادوں پر حل کریں گے۔

وزیراعظم کراچی میں کاروباری برادری کی معروف شخصیات اور کراچی چیمبر آف کامرس کے وفد سے ملاقات بھی کریں گے۔ ان ملاقاتوں میں وزیراعظم کاروباری برادری سے ملکی معیشت کی بہتری کے حوالے سے تجاویز لیں گے۔