قاہرہ (اُمت نیوز ) مصری صدر عبدالفتاح السیسی نے کہا ہے کہ فلسطینی شہر رفح میں کسی بھی فوجی آپریشن سے غزہ کی پٹی میں انسانی صورتحال پر تباہ کن اثرات مرتب ہوں گے۔
عرب میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈچ وزیراعظم مارک روٹے کے ساتھ ٹیلیفونک رابطے میں مصری صدر السیسی نے غزہ کی پٹی میں جاری جنگ کو روکنے کی ضرورت پر زور دیا اور رفح میں کسی بھی فوجی کارروائی کے خلاف خبردار کیا۔
رپورٹ کے مطابق مصری ایوان صدر کے مشیر ڈاکٹر احمد فہمی نے بتایا کہ اس فون کال میں غزہ کی صورت حال اور پٹی میں جنگ بندی اور انسانی امداد کی ترسیل اور علاقائی استحکام کی بحالی میں مصری کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
السیسی نے کہا کہ عالمی برادری کا اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اپنی ذمہ داریاں نبھانا بہت اہم ہے۔
دونوں رہنماؤں نے جنگ بندی تک پہنچنے کے لیے فوری کام کرنے کی اہمیت پر اتفاق کیا۔
یاد رہے مصر نے ان خبروں کی تردید کی ہے کہ اس نے رفح پر حملہ کرنے کے منصوبے کے بارے میں اسرائیلی فریق کے ساتھ بات چیت کی تھی۔